لاہور میں موسلادھار بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، رین ایمرجنسی نافذ
پنجاب کے دیگر شہروں سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اگست 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور صوبائی دارالحکومت میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں آج صبح سویرے سے مون سون بارش کا سلسلہ جاری ہے، مال روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، لکشمی چوک اور انارکلی سمیت تقریباً پورے شہر میں شدید بارش ہوئی، تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
بتایا گیا ہے کہ شہر کے نشیبی علاقے اور اہم شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گیا، سب سے زیادہ ایئرپورٹ پر 337 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پانی والا تالاب میں 203، لکشمی چوک میں 191، اپرمال میں 182، مغلپورہ میں 173، تاجپورہ میں 180، نشترٹاؤن میں 227 اور چوک ناخدا میں 163 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تاہم بارش کی وجہ سے کئی شہروں میں بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو دفاتر جانے اور دیگر امور سر انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بتایا جارہا ہے کہ شہر قائد کراچی اور اسلام آباد راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوچکا ہے، کراچی میں رات گئے بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آئے، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب بارش کا پانی جمع ہوگیا، جب کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں جمعہ اور گلگت بلتستان میں ہفتے کی رات سے بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
Comments
Post a Comment