ملک سردیوں میں ایل پی جی کے بحران کے دہانے پر

 لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 دسمبر2023ء) ملک سردیوں میں ایل پی جی کے بحران کے دہانے پر، پاکستان آنے والے ایل پی جی جہاز کسی اور ملک چلے گئے، ایل پی جی بے تحاشا مہنگی ہو جانے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد ایل پی جی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ ایل پی جی کے جو کارگو جہاز پاکستان پہنچے تھے، وہ جہاز ایل پی جی ان لوڈ کیے بنا ہی کسی اور ملک روانہ ہو گئے۔

اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان آنے والے ایل پی جی کے دو جہاز سری لنکا چلے گئے ہیں، ان جہازوں کے ذریعے 21 ہزار ٹن ایل پی جی آنی تھی۔ ملک میں ڈیڑھ لاکھ ٹن ایل پی جی کی ماہانہ ضرورت ہے۔

Ahmed

عرفان کھوکھر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کی قلت بڑھنے پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ یکم دسمبر سے ایل پی جی کی قیمت میں اوگرا کی جانب سے اضافہ بھی کیا جا چکا۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے تحت یکم دسمبر سے ایل پی جی کا 11.8 کلوگرام کا گھریلوسلنڈر 45 روپے مہنگا کردیا گیا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار7 روپے 35 پیسے مقرر کردی گئی۔ اسی طرح فی کلو ایل پی جی کی قیمت 3 روپے 82 پیسے مہنگی کردی گئی۔ یکم دسمبر سے ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 254 روپے 86پیسے مقرر کی گئی۔

جبکہ دوسری جانب ملک میں قدرتی گیس کے صارفین بھی بدترین بحرانی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ قدرتی گیس کے صارفین کو ایک جانب گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے، تو دوسری جانب گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافہ بھی کر دیا گیا ہے۔ جبکہ اب گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس سے گھروں میں معمولی مقدار میں گیس استعمال کرنے والے صارفین کو بھی ہزاروں روپے کے بل ادا کرنا پڑ سکتے ہیں

Ahmed

Comments